**********************
وصل مہمان ہے
ہجر اور سوگ سدا رہتے ہیں
فرحت عباس شاہ
**********************
تحریک
اگر دل میں نہ کوئی کھینچ پڑتی ہو
سفر ممکن نہیں رہتا
فرحت عباس شاہ
**********************
ادھورا پن
رہ جاتا ہے ہر بار ستارہ یا کوئی چاند
اپنی تو کوئی رات مکمل نہیں ہوتی
فرحت عباس شاہ
**********************
بے ہوشی
تاریکی میں
کہیں کہیں جگنو کا دھبہ
بے آواز کوئی سرگوشی
کالے نیل پرندے ہیں
اور خاموشی
فرحت عباس شاہ
**********************
غم
ایسا کوئی سایہ ہے ان آنکھوں پر
دن بھی اکثر رات میں گم ہو جاتا ہے
فرحت عباس شاہ
**********************
آنسو
درد کی کوکھ سے لیتا ہے جنم
اور پلتا ہے کہیں صبر کی شریانوں میں
فرحت عباس شاہ
**********************
زلزلہ
زمیں کو ہچکیاں لینے سے روکو
اپنے اپنے ظلم کی اوقات پہچانو
فرحت عباس شاہ
**********************
جنون
کبھی تو وہم کی دیوار سے
وہ
وصل پھوٹے گا
فرحت عباس شاہ
**********************
سر تسلیم خم
مستقل درد کا گلہ کیسا
فرحت عباس شاہ
**********************
مماثلت
ہمیں ساون پہ اپنی چشم نم کا شک گزرتا ہے
فرحت عباس شاہ
**********************
دیمک
اداسی زہر ہے
جو دھیرے دھیرے جسم و جاں کو چاٹ جاتی ہے
فرحت عباس شاہ
**********************
بے چینی کا چور
روح کے بند گلی کوچوں میں
روز مچائے شور
فرحت عباس شاہ
**********************
درد بے خواب ہے
رات تھک ہار کے سو جاتی ہے
فرحت عباس شاہ
**********************
تہماری ذات کے ہجے
تمہاری ذات کے ہجے
ہماری انگلیوں سے ہی نہیں جاتے
کسی کا نام لکھنا ہو تمہارا نام لکھتے ہیں
کسی کی بات لکھنی ہو تمہاری بات لکھتے ہیں
کہیں بادل برس جائے
کوئی بادل برس جائے
تمہارے شہر کی برسات لکھتے ہیں
فرحت عباس شاہ
**********************
رونق
بے سبب آنکھ سے بہے آنسو
ہم نے جاناں تمہارا غم لے کر
کوئی آبادیوں سے آیا ہے
فرحت عباس شاہ
**********************
بے فائدہ
پھول کھلتے ہیں مگر موسم تنہائی میں
فرحت عباس شاہ
**********************
آرائش
یہ جو چاند کا ہالہ ہے
رات کے کان میں بالا ہے
فرحت عباس شاہ
**********************
خوشیاں اندھی بہری
درد کی آنکھ ہزار
فرحت عباس شاہ
**********************
سوائے خود محبت کے
محبت کی کوئی منزل نہیں ہوتی
فرحت عباس شاہ
**********************
ایک ادھورا سپنا
آؤ مل کے
پورے چاند کو چھو آتے ہیں
کبھی نہ کبھی تو پورا ہو گا
ایک ادھورا سپنا
جیون ہو گا اپنا
فرحت عباس شاہ
**********************
وابستگی
میں اکثر بھول جاتا ہوں اسے
مجھ کو
اداسی یاد رکھتی ہے
فرحت عباس شاہ
**********************
آوارہ
محبت تو ہزاروں راستے تبدیل کرتی ہے
فرحت عباس شاہ
**********************
تمہاری یاد میں ہم
موسم گل میں
جہاں بھی کہیں پھول آتے ہیں
جمع کرتے ہیں انہیں
اور وہیں بھول آتے ہیں
فرحت عباس شاہ
**********************
پاگل مورے نین
پاگل مورے نین ری سجنی
پاگل مورے نین
گھوم گھوم مکھ ڈھونڈیں تمرا
پل بھر کرناہیں پائیں
جاگیں ساری رین
فرحت عباس شاہ
**********************
محبت کی ادھوری نظم
مجھے معلوم ہے جاناں
مری تم سے محبت۔۔۔
مری تم سے محبت۔۔۔ کس طرح تم کو بتا پاؤں
مری تم سے محبت خوف کے سرطان سے بیمار ہے، جب سے ہوئی ہے
اور تمہیں یہ تو خبر ہو گی
کسی سرطان کے بیمار سے اس کی مرض پوشیدہ رکھتے ہیں۔۔۔
مگر۔۔۔
اس کو اگر معلوم ہو جائے۔۔۔ ؟
مری تم سے محبت۔۔۔۔
فرحت عباس شاہ
**********************
محبت کی ادھوری نظم
کبھی اس دل نوردی میں
بہت کچھ پاس ہوتا ہے
محبت چھین لیتی ہے
کبھی کچھ بھی نہیں ہوتا
نہ جانے کیسی کیسی شے
محبت بخش دیتی ہے
فرحت عباس شاہ
**********************
محبت
راستے میں ٹھہر جانے کی اجازت ہی نہیں دیتی
فرحت عباس شاہ
**********************
سناٹا
کسی تنہائی کی آواز ہے یا ہجر روتا ہے
فرحت عباس شاہ
**********************
ہم نے ہر رات
ہم نے ہر رات ترے ہجر پہ فریاد لکھی
ایک فریاد کہ ڈرتا تھا جسے کرتے ہوئے درد کا مارا ہوا دل
رات بھی سن کے چٹخ جاتی ہے نکڑ سے کہیں
ہم نے ہر رات دل و جاں سے پکارا
تو جدائی ہمیں ہر سطح سماعت پہ ملی
یاد منہ زور ہے بے چین ہواؤں کی طرح
ہم نے ہر رات تری یاد پہ بے چینی لکھی
ایک بے چینی کہ گھبراتی تھی جاں بھی جس سے
رات بھی خود کئی جگہوں سے بکھر جاتی تھی کرتے ہوئے محسوس اسے
ہم نے ہر رات ترے ذکر سے آباد لکھی
ایک آبادی کہ ہر سُو تھی جہاں ویرانی
فرحت عباس شاہ
**********************
تمہارے نام
جو ہم نے دل کے آنگن میں
تمہارے نام کا پودا لگایا ہے
شجر بننے سے پہلے چھاؤں دینے لگ گیا ہے
یہ گھنی چھاؤں خیالوں کے در و دیوار پر پڑتی
ہماری آرزوؤں کے دریچوں کو ہواؤں سے ملاتی
در سے در آباد رکھتی ہے
تمہارے نام پر پتے ہمیشہ مسکرا کے تالیوں سے تال دیتے ہیں
تمہاری یاد پودے کی سنہری چھال سے لگ کر گزرتی ہے تو شاخیں
سر سرا کے پیار سے سیٹی بجاتی ہیں
ہوائیں گنگناتی ہیں
تمہارے نام کا ہم نے جو اپنے دل کے آنگن میں لگایا ہے
یہ پودا جب شجر ہو گا
تو اپنا گھر بھی گھر ہو گا
اور ہم تیری طرح جب گھر سے نکلیں گے
تو چھاؤں کی بشارت میں
ہمارا بھی سفر ہو گا
فرحت عباس شاہ
**********************
محبت میرا مذہب ہے
میں شاعر ہوں
محبت میرا مذہب ہے
مجھے تنہا شبوں میں جاگنا آتا ہے برسوں تک
میں ویرانی سے صدیوں کھیل سکتا ہوں
مجھے ہنسنا بھی آتا ہے ہنسانا بھی
مجھے رونا بھی آتا ہے رلانا بھی
خوشی می تیرنا بھی اور غموں میں ڈوب جانا بھی
میں اپنی روح پر خوشبو سے تیرا نام لکھوں گا
میں تیری دوریوں میں آنسوؤں سے شام لکھوں گا
میں پلکوں سے تمہاری سانس کی مہکار چوموں گا
میں چھو لوں گا تمہارے خواب بھی اپنی تمناؤں کی پوروں سے
میں اپنی بندگی سے یاسمن کی پتیوں پر تیرے بارے روز اک پیغام لکھوں گا
میں اپنی خواہشوں سے راستے تیرے سجاؤں گا
میں اپنی آرزوؤں سے ترے صحراؤں میں بستی بساؤں گا
ترے چہرے سے اپنی آنکھ کی کھڑکی سجاؤں گا
تری امید سے دل کے بنیروں پر چراغوں کی قطاریں لا رکھوں گا
دور تک شمعیں جلاؤں گا
ہوا کے نرم سینے پر ترا آنچل بچھا کر بارشوں کے گیت گاؤں گا
میں شاعر ہوں
محبت میرا مذہب ہے
میں دنیا کو اس اپنے دین سے جنت بناؤں گا
فرحت عباس شاہ
**********************
جدائی کی ایک نظم
عمر بیتی ہے جنہیں ہجر کی پیمائش میں
ہم سیہ بخت، ترے فاصلہ بردار، مسافر شب کے
رات آتی ہے تو چل پڑتے ہیں
بے بہا سلگی ہوئی یاد کے انگاروں پر
روح برسات میں بھڑکی ہوئی آتش ہے کہ بجھتی ہی نہیں
رات آتی ہے تو گر پڑتے ہیں
تیرے اندوہ کی نم غاروں میں
کون اب آکے نکالے گا ہمیں
کون ٹھہرائے گا بکھرے ہوئے پتوں کے نصیب
ہم جو روندے ہوئے رستوں کی طرح
آہ بھی بھرتے ہوئے ڈرتے ہیں
جانے پھر کونسی ویرانی گزر جائے اچانک کسی ویرانی سے
ہم جو ٹھٹھکے ہوئے بچوں کی طرح
سانس بھی لیتے ہوئے مرتے ہیں
زندگانی کسی مرجھائے ہوئے دل کی طرح
سوگ کے کپڑوں میں لپٹی ہوئی بیوہ ہے کوئی
کوئی دم بھر بھی ٹھہرتے ہیں کسی آس کی چھاؤں میں تو رو پڑتی ہے
اور ہم پھر سے نکل پڑتے ہیں
ہم سیہ بخت، ترے فاصلہ بردار مسافر شب کے
عمر بیتی ہے جنہیں ہجر کی پیمائش میں
رات آتی ہے تو چل پڑتے ہیں
فرحت عباس شاہ
**********************
اسے میں نے بھلا ڈالا
اسے میں نے بھلا ڈالا
نئے دن کی توجہ میں
نئی ٹھوکر کے صدمے سے
نئی خواہش کی چوکھٹ پر
اسے میں نے بھلا ڈالا
مرے اس شہر کی سڑکوں پہ جتنی بھیڑ ہے
جتنا ہجوم مضطرب ہے
اپنی اپنی سمت کے بے نام دھوکے میں
بھلا کیسے کسی کو یاد رکھنے دے
میں اٹھا تو مرے کندھوں پہ میرے پیٹ نے پاؤں جمائے
اور مجھے بولا اٹھا مجھ کو
میں چلتا ہوں تو
پل بھر میں مجھے کتنے پڑاؤ گھیر لیتے ہیں
کسی کی چھت گرے
آواز مرے دل پہ گرتی ہے
وہاں اک چوک تھا تیرے مرے ملنے
کا چور رستہ
وہاں اس چوک میں
اک دھند تھی
اک دھول تھی
اک بے یقینی تھی
میں پیچھے مڑ کے کس کو دیکھتا راہوں کے جنگل میں
کسی جنگل کے نقشے پر
کسی آباد بستی کی کرامت سے
کسی آوارگی کے موڑ پر
یا پھر کسی شکوے کے پنجرے میں
اسے میں نے بھلا ڈالا
اسے میں نے بھلا ڈالا
فرحت عباس شاہ
**********************
تو مجھ کو خواب لگتا ہے
تو مجھ کو خواب لگتا ہے
کوئی مدت پرانا خواب
یادوں کی عنابی جھیل میں کنکر گراؤں تو
تری باتیں، ترا چہرہ تڑح کر ٹوٹ جاتا ہے
میں ایسے بت بھلا کب تک سمیٹے سوچتا رہتا
کہ تو بولے گا اور صدیوں پرانے چپ زدہ لمحے
مرے بیمار منظر میں دلاسہ لے کے اتریں گے
مری آنکھیں مرے پس منظروں کو چھوڑ آئی ہیں
کہیں تو تھا کہیں تیرے نشانوں پر مری بنیاد رکھی
جا چکی تھی پیار کے ہاتھوں
مگر جو وقت ہے نا
یہ بھی اک بنیاد رکھتا ہے
کبھی ایسی کہ مر کر بھی نہیں گرتا کوئی دیوار و در کوئی دریچہ
یا کوئی چوکھٹ
کبھی ایسی کہ دیواریں کھڑی ہونے سے پہلے عزم گرتا ہے
کبھی حالات کی مرضی سے گرنااور پھر تقسیم ہو نا جاری رہتا ہے
تو مجھ کو خواب لگتا ہے
کوئی مدت پرانا خواب
جس پر جانے کس کس درد نے بنیاد رکھی ہے
فرحت عباس شاہ
**********************
ہم نے جس رات
ہم نے جس رات ترے ہجر کی دہلیز پر غم رکھا ہے
چاند حیران ہوا ہے
کہ بھلا کون چمکتا ہے افق کے اس پار
ہنس دیا کوئی ستارہ، جو کبھی پلکوں پر
کہکشاں چونک اٹھی
کون کہاں ٹوٹ گرا
ہم نے جس رات تری یاد کی دلیز پہ ویرانی رکھی
درد میں لپٹی ہوئی ویرانی
آسماں بول پڑا
کون ہوا اتنا اداس
اس نے اندوہ کی بارات میں حصہ ڈالا
کس نے رنگین کیا زخموں کو
ہم نے جس رات تری آس کی دہلیز پہ دل رکھا ے
کتنے مرجھائے ہوئے پھول مہک اٹھے ہیں
کتنے کملائے ہوئے پیڑ لہک اٹھے ہیں
فرحت عباس شاہ
**********************
اے دل عشق زدہ
رات کس درد کی دیوار میں چپ چاپ بسر کر آئے
اے دل ہجر زدہ۔۔۔
درد دہلیز نہیں ہے کہ گزر آئیں قدم دھرتے ہوئے
جب چاہیں
درد دیوار ہے
دیوار کہ جس میں ہر روز
روح چن دیتا ہے بچھڑا ہوا مدت سے کوئی
رات کس درد کے صحرا میں بتا آئے ہو
اے دل دھوپ زدہ
درد بس ریت نہیں ہے کہ اسے روند کے آگے بڑھ جائیں
درد صحرا ہے
دکتا ہوا ظالم صحرا
پاؤں پڑ جائے جو اک بار تو جیون جل جائے
رات کس بیتے ہوئے عشق کی یادوں میں گزار آئے ہو
تم کہ ویراں کبھی ایسے تو نہ تھے
تم کہ خالی کبھی ایسے تو نہ تھے
تم کہ بکھرے کبھی ایسے تو نہ تھے
اے دل عشق زدہ
فرحت عباس شاہ
**********************
رات پھر بیت گئی
رات پھر بیت گئی
ہم نے سمجھا تھا نہیں بیتے گی
جس طرح ٹھہرے تھے بادل غم کے
جس طرح ساکت و صامت تھے ستارے دکھ کے
جس طرح چاند کسی وہم کے پتھر کی طرح
ہلتا جلتا ہی نہیں تھا کہ ذرا سکھ ملتا
جس طرح عین اتر آئی تھی ویرانی بھی پیشانی پر
تیرگی سیاہ نصیبوں کی طرح
ایسا لگتا تھا کہ بس لکھی گئی
وقت لگتا تھا کہ گزرے گا کبھی
درد کب لگتا تھا اترے گا کبھی دریا سا
ہاں مگر ایسا ہوا
زندگی ہار گئی
موت پھر جیت گئی
رات پھر بیت گئی
ہم نے سمجھا تھا نہیں بیتے گی
آج کے بعد تیرے ہجر کو دہرایا نہ جائے گا کبھی
فرحت عباس شاہ
**********************
یہاں تو کچھ بھی ممکن ہے
یہاں تو کچھ بھی ممکن ہے
ہم اتنی دیر سے بچھڑے کبھی ملنے ملانے کو چلیں
تو بھاگ کر کوئی جدائی ساتھ ہی ہو لے
کبھی بازار کو جائیں تو تنہائی لپٹ جائے
یہاں تو یہ بھی ممکن ہے
کبھی ہم دیر سے گھر آئیں تو
باہر گلی میں بھیڑ ہو
گھر میں کوئی ماتم، کوئی کہرام برپا ہو
تو دل ٹکڑوں میں بٹ جائے
یہاں تو یہ بھی ممکن ہے
کسی میلے میں بھگدڑ سی مچے
گولی چلے
چیخیں سنائی دیں بہت
بارود پھٹ جائے
یہ جیون اور گھٹ جائے
فرحت عباس شاہ
**********************
رات اور دن کی بیابانی
رات اور دن کی بیابانی سے محسوس ہوا
کچھ نہ کچھ غائب ہے
کچھ نہ کچھ ایسا جسے ہونا تھا
تو، ترے خواب، تمنائیں یا امید کوئی
منتظر دل، لب بے آب یا چشم پرنم
کوئی محرومی یا بے چینی کوئی
کچھ خلا ایسے بھی ہوتے ہیں کہ آ جاتی ہے رونق جن سے
عمر کے اجڑے ہوئے شہروں میں
زندگی ہوتی ہے کچھ زہروں میں
ہم جو تریاق سمجھ کر تجھے بھولے تو سمجھ آیا کہ جیون کیا ہے
تیرے آجانے کی امید پہ اٹکی ہوئی سانسوں کی قسم
زندگی کچھ نہیں اندوہ بنا
تیرے اندوہ کو دیکھا ہے الگ کر کے تو پھر کچھ بھی نہیں باقی بچا
تیری یادوں میں بہائے ہوئے آنسو جیون
تیرے زخموں سے بسائی ہوئی بستی جیون
تیرے زخموں سے سجایا ہوا رستہ جیون
رات اور دن کی بیابانی سے محسوس ہوا
ساری ویرانی ترے بعد ہوئی ہے پیدا
فرحت عباس شاہ
**********************
اندر، باہر
کوئی اندر بیٹھا روئے
کوئی اندر بیٹھا روئے اور رلائے
مرے اندر چپ کی بستی میں
کسی اجڑے ہوئے مکان کے گہرے کمرے میں
کوئی روئے زار و زار
میں آنکھیں بند کروں تو اک اک ہچکی مجھ میں دور سفر کر جائے
آنکھیں کھولوں
چاروں سمت ہوا کا شور
زمین کے سینے پر گر کے دھول اڑائے
کان پڑی آواز سنائی دیتی دیتی آخر کار کہیں مر جائے
لوگوں کے اوپر لوگوں کا واویلا
کون یہ بوجھ اٹھائے
کس کے پاس بھلا اتنی بھی فرصت
کون اس اندر بیٹھے بیٹھے رونے والے کو خاموش کرائے
کون اس کی آنکھوں سے بہتی آرزوؤں کو چومے
کون اسے سمجھائے
کون اسے سمجھائے
فرحت عباس شاہ
**********************
کلاس روم
غموں کی روشنائی سے۔۔۔ دل بیمار کے اوراق پر۔۔
۔۔۔لکھے سبق کو کون پڑھتا
کسے فرصت
کہ اپنی نوٹ بک سے اک ذرا نظریں ہٹا کر
ساتھ والے کی لرزتی انگلیوں کو غور سے دیکھے
ہم اتنی دیر سے
اک ساتھ پڑھتے آ رہے ہیں جن کلاسوں میں
وہاں
لفظوں کی تاریکی میں
لیکچر دینے والے لب
ہمیں اک دوسرے کی روح کے معنی بتانے سے مکمل طور پر معذور ہیں
اور ہم کسی ڈسٹر، کسی تختے کے کالے پن، کسی تکلیف کو آواز دیتے
چاک پر آنکھیں جمائے، بت بنے
ویران مستقبل کی کھڑکی کو
کتابوں کی پھٹی جلدوں سے ڈھانپے، اونگھتے ہیں
یا کسی بوڑھی پریشانی کے خدشے سے
ذرا پہلو بدل کر، بس کبھی کچھ کھانس لیتے ہیں
غموں کی روشنائی سے۔۔ دل بیمار پر۔۔ لکھے سبق کو کون پڑھتا ہے
ہمیں مدت ہوئی، اڑتے ہوئے کمروں میں
سوکھے، زرد، پتھریلے، سلیسیں چاٹتے، مدت ہوئی
اور ہاں، بہت مدت ہوئی
ہم نے کبھی کوئی شرارت بھی نہیں دیکھی
فرحت عباس شاہ
**********************
عمر رسیدہ درد بھی آنے والے ہیں
آدھے درد ابھی بچے ہیں آدھے درد جوان
روح میں جگہ جگہ پر اپنے شہر بسائے
شریانوں کے جنگل پر ہے ساری گزر بسر
رات رات بھر ہنستے گاتے لڑتے مرتے جیسے مرد جوان
اس بستی میں بے فکرے ہیں زیادہ فکروں والے کم
سارے لال گلال خوشی سے
سارے ہیں گلرنگ
اور ان سارے گلرنگوں میں اک میں زرد جوان
میں اک دیوانہ آوارہ
گلی گلی آوارہ پھرتے
جس کی اٹی ہوئی جھولی میں ہوئی ہے گرد جوان
اور اس گرد کے رزق پہ پلنے بڑھنے والے
آدھے درد ابھی بچے ہیں آدھے درد جوان
سنا ہے
اگلی رات سے پہلے
عمر رسیدہ درد بھی آنے والے ہیں
فرحت عباس شاہ
**********************
درد کی آدھی آدھی صدیاں
درد کو عمر کی قید نہیں ہے
کوئی بھی ’’بچہ بوڑھا درد‘‘ کسی بھی عمر کے دل میں آ کر بس سکتا ہے
عمر بہت گہری ہے شاید
یا پھر شاید درد بہت گہرا ہے کوئی نیلونیل سمندر سا ہے
آدھی عمر گزاری ہم نے
’’بوڑھے درد‘‘ کے بچے دل میں پال پال کے
پال پال کے آدھی عمر گزاری
آدھی
بوڑھے دل سے
’’بچہ درد‘‘ اٹھاتے گزرے گی
گد گد کرتے، چوم چوم کے، ینستے ہنستے، روتے روتے
منا منا کھیلتے کھیلتے، ہارتے ہارتے، ڈرتے ڈرتے
مرتے مرتے باقی عمر گزاریں گے
ہم کو لمبی عمر عطا کرنا ہے خالق
اور کا درد تو اور کا درد ہی ہوتا ہے
کوئی کسی کا درد سنبھال نہیں سکتا
کوئی کسی کے درد کو پال نہیں سکتا
ہم کو لمبی عمر عطا کرنا ہے خالق
درد کے عین جواں ہونے تک زندہ رکھنا
مالک ہم کو زندہ رکھنا
درد پہ درد عیاں ہونے تک زندہ رکھنا
فرحت عباس شاہ
**********************
حال زار
روح کی کتنی شکایات سنیں
ہجر نے زخم لگایا کیسا
مختصر وصل نے بھی ایک جھلک دکھلا کر
کس قدر دل کو پریشان کیا
وقت نے چر کے لگائےکیسے
زندگی کس طرح ٹکراتی رہی
رات، دن، دھوپ، اندھیرے کالے
دوپہر، شام، تھکن، اور سفر
موم سے ڈھالا ہوا جیون ہے
اور زمیں شمس سے ٹوٹا ہوا ہے ٹکڑا کہ ابھی سرد نہیں
ہاں ابھی سرد نہیں اندر سے
اک دہکتی ہوئی تاثیر چھپی ہے اس میں، پاؤں دھوتے ہیں تو جل اٹھتے ہیں
آسماں کتنے سلگتے ہوئے بے آب مہ و مہر کا تھیلا
کہ پڑا ہے سر پر
گردنیں سیدھی نہیں ہو پاتیں
باندھ جاتی ہے نصیبوں کی ہوا سانسوں کو
توڑ جاتی ہے کمر تنہائی
اپنے سینوں سے امڈتی ہوئی تنہائی جہاں پڑتی ہے
شہر کے شہر بدل دیتی ہے ویرانوں میں
شکر ہے اسیے میں کچھ بول نہیں پاتا کوئی سن بھی نہیں پاتا کوئی
ورنہ اس بے سرو سامانی میں
گر پڑیں حوصلے کھلیانوں میں
لوٹ جانے کی کوئی راہ نہیں
لوٹ جانے کو کوئی گھر، در و دیوار کوئی شہر کوئی دشت
یا جنگل بھی نہیں ہے باقی
اپنی مرضٰ سے پڑے رہنا بھی ناممکن ہے
اے خدا
اے مرے بھگوان
مرے دیوتا
مالک سب کے
روح کی کتنی شکایات سنیں
اور کسے پہنچائیں
فرحت عباس شاہ
**********************
آسمان زمینیں اور ان کے درمیان
آگ کے ہاتھ میں بازار تھما آئے ہیں
کوٹ پر قرض کے کالر پہنے
اور ملے خواب و خیالات کے بوٹوں پہ لہو کی پالش
زخم کا شہر سجا آئے ہیں
خوش نصیبی کسی میت پہ مہکتے ہوئے کافور سے اگتی ہوئی لگتی ہے تو پھر
چشم تمنا کا خدا ہی حافظ
آرزوؤں ہی سے بنائی ملا کرتی ہے
ہم نے جس رنگ سے رنگے ہیں کفن ہاتھوں کے
ہم نے جس وہم کے لشکارے کو دل سونپا ہے
دکھ کی دہلیزیں بلاتی ہیں قریب
اپنے مکانو ں کے کہیں عین قریب
اور جب دل کی چھتیں ٹیکنے، پیشانیاں نکلیں گی سرعام
لب سنگ سیاہ
دکھ کی دہلیز سے آسان نہیں اٹھ جانا
اور جب سر بھی بہت بھاری ہوں
پاؤں بھاری ہوں تو ہر ممکنہ تخلیق نگہبانی بہت مانگتی ہے
اور جب سر بھی بہت بھاری ہوں
اور بندھ جائیں گھٹا ٹوپ کمالات کی چوکاٹھوں سے
ہانپتی کانپتی چوکاٹھوں سے
اور فطرت تو بتاتی ہے کہ فطرت کیا ہے
ایک بربادی مکمل ہے یہاں
ایک ویرانی کل
راکھ اور سرد ہوا
خاک اور اڑتی ہوئی خاک بہت دور تلک
آگ کے ہاتھ میں بازار تھما آئے ہیں
فرحت عباس شاہ
**********************
بھاگ دوڑ
کس قدر چھید ہیں وعدوں میں یہاں
مصلحت بات کی بس بات میں ہے
دشمنی حسن گنوا بیٹھی ہے
چاہتیں عیب ہوئیں
ترچھی تمناؤں کی ضد میں آکر
میز کے گرد پڑے کپڑوں میں جو جسم نظر آتے ہیں
چائے سے چائے تلک فکر کے سوداگر ہیں
اور بستر
کہ اگر مل کے کبھی سو جائیں
چھین لیتے ہیں پناہیں دل سے
خوف کچھ اور بڑھا دیتے ہیں
چھوٹی چھوٹی سی خرافات تو مفقود ہوئیں
کوئی محدود نہیں رہتا کبھی
ذات کمزور کسی بندش میں
قامتں گنتے جہاں عمر گزار جاتی ہو
لفظ بہلاتے جہاں شہر فنا ہو جائیں
دوریاں چھپتے چھپاتے بھی بہت واضح ہوں
ایک وعدہ کہ بھلا کتنا بھی معصوم نظر آتا ہو
ایک پہچان کہ مضبوط لگے جتنی بھی
سب کا سب ریت کی دیوار، ہوا کا سایا
سب کا سب ذات کے ماحول کا گورکھ دھندہ
چھید در چھید بدن، خواب، مکاں
چھید در چھید وفا، خواب، خلش، خوف، خلا
فرحت عباس شاہ
**********************
ہم ستاروں سے الگ رہتے ہیں
ہم ستاروں سے الگ رہتے ہیں
اور ملتے بھی نہیں ہیں ان سے
اپنے ہاتھوں کی لکیروں سے جو مفتوح ہوئے
ہم وہ لشکر ہیں تھے ہارے ہوئے
ہم کہ کترائے ہوئے پھرتے ہیں میدانوں سے
اتنی تعداد ہے پیشانیوں کی
سجدہ گاہوں سے مگر پھر بھی کم ہے
اور سجدے کہ نہیں ملتی جبینوں پہ کہیں
اک ذرا سی بھی جگہ
ہم کناروں سے الگ رہتے ہیں
آدھے ڈوبے ہوئے اور آدھے مدفون
ہم سہاروں سے الگ رہتے ہیں
چاٹتے ہیں در و دیوار کہ کچھ تھام سکیں
اپنی پتھرائی ہوئی بھوک سے کچھ تھام سکیں
چیختے رہتے ہیں آلات سماعت کے بغیر
سوچتے رہتے ہیں شاید کبھی ہم بھی شاید
اپنی ٹھٹھرائی ہوئی کوک سے کچھ تھام سکیں
فرحت عباس شاہ
**********************
زوال
زمانہ کس جگہ پہنچا ہوا ہے
ہم
کہاں تک آسکے ہیں نیم رفتاری کے عالم میں
یہ جیون
ادھ کٹے رستوں کا دریا بہہ رہا ہے رات اور دن کے کناروں پر
قدم دھرنے کی طاقت ہی نہیں تو موج کے جبروں میں موتی کون ڈھونڈے گا
زمانہ جس جگہ بھی ہے
ہمارے اس طرف لیکن زمانہ مر رہا ہے
اور اگر یہ جی رہا ہوتا تو مر جانے کی خواہش مر گئی ہوتی
کبھی ہم دھیرے دھیرے چلتے چلتے ڈوب جاتے ہیں
سمجھتے ہیں زمانہ پار کر آئے
کبھی ہم بیٹھے بیٹھے، بیٹھے بیٹھے، بیت جاتے ہیں
سمجھتے ہیں کہ منزل آگئی اپنی
یہ جیون۔۔
ادھ کٹے رستوں کا دریا۔۔ تیز اندھا دھند لہریں، دلدلیں، آبی بلائیں اور بھنور، ساحل
سمجھتے ہیں مقدر میں یہی کچھ ہے
بدن کشتی بنانے، بازوؤں کو شوق سے پتوار کرنے کا عمل
گویا مقدر میں نہیں آتا
ہماری نیم بیداری ہماری ناتوں ٹانگوں سے لپٹی ہے
تھکن سے چور
پتھریلی زمینوں پر ہمارے پاؤں دلدل ہیں
ہمارے خواب تک بھاری ستونوں سے کسی نے باندھ کے
لگتا ہے آنکھوں کے پرندے مار ڈاے ہیں
اور آپ اپنے ہی زخموں پر کھڑے ہم
ایک دوجے پر کراہے جا رہے ہیں
ہم کراہے جا رہے ہیں
اور زمانہ کس جگہ پہنچا ہوا ہے
کون دیکھے
کون بتلائے
فرحت عباس شاہ
**********************
رشتے ناطے
رات تاریک بہت
رات تاریک بہت
دل سے مگر پر بھی کم
نا کوئی چاند نہ تارا دل میں
نا کوئی دیپ سہارا دل میں
رات کے ٹکڑے اڑے چہروں پر
اور روحوں پر اثر جا اترا
سائے بھی چھوڑ گئے ساتھ بھرے شہروں میں
شہر ویران بہت
شہر ویران بہت
دل سے مگر پھر بھی کم
نا کوئی چوک نہ بازار یہاں
نا کوئی رنج نہ آزار یہاں
دھوپ کے خول میں آ قید ہوئے
ہمقفس، ہمقفس دیار یہاں
ایسا رشتہ کہ دکھائی بھی نہ دے
ایسا موہوم تعلق کہ سجھائی بھی نہ دے
تار باریک بہت
تار باریک بہت
دل سے مگر پھر بھی کم
رات تاریک بہت
فرحت عباس شاہ
**********************
ریاضت
سرخ کناروں والے آنسو
دل کے دکھے ہوئے حصہ میں جا آباد ہوئے ہیں
کتنی کھوئی ہوئی شامیں تھیں
کتنی روئی ہوئی راتیں تھیں ان کے پیچھے
رخساروں پر ہاتھ دھرے دکھ، چور ستوں میں بیٹھے بیٹھے اونگھ گئے تھے
سرخ کناروں والے آنسو بھی کب سونے دیتے ہیں سونے والوں کو
آگ لگی ہے
آنکھوں کی گلیوں سے ہوتی
دل کے دکھے ہوئے حصے تک
آگ لگی ہے
دھیمی دھیمی آوازوں میں
کرلانے کے موسم جیسے بیت گئے ہوں
اور بلند آوازوں پر بھی گونگے، بہرے سائے ہنسنے لگتے ہیں
بستی بدلیں
یا پھر کوئی اور
نگر آباد کریں
جس شفقت کی گود میں اپنا سر رکھ رکھ کر
دھاڑیں مار کے روئیں اور فریاد کریں
ہم تو کھل کے رو لینے پر شرماتے ہیں
سہمی ہوئی طبیعت والے لوگوں کی قسمت میں شاید
گھٹی ہوئی ہچکی ہی سب کچھ ہوتا ہے
گھٹی ہوئی ہچکی اور شاید سرخ کنارے
فرحت عباس شاہ
**********************
نئے سورج کہاں ہو تم
نئے سورج کہاں ہو تم؟
پرانی رات سر سے ٹلتے ٹلتے رک گئی ہے
پھر وہی پچھلی اداسی
پھر وہی سائے قیامت کے
بئے سورج تمہیں کیا ہو گیا ہے
رات سے کیا رازداری ہے تمہاری
ہم تو تھک ہارے
اندھیرے کا سراپا پیٹنے ہاتھوں میں گانٹھیں پڑ گئیں ہیں
اور آنکھوں میں کسی غمناک ویرانی کا ڈیرہ ہے
نئے سورج
ہمارے دل ہماری پسلیوں میں پھڑ پھڑا کر چیختے ہیں
روح قبروں کے کناروں پر پڑی مٹی کی ڈھیری کی طرح کچھ بھی نہیں کہتی
ہوا گم سم کھڑی روئے چلی جاتی ہے
بولو بھی
نئے سورج کہاں ہو تم
تمہیں یہ بھی بتانا ہے
نگر میں
سیاہ دیواروں پہ ماتھا ٹیکنے والے بہت خوش ہیں
فرحت عباس شاہ
**********************
سوال
سچ کی چیخ سنے گا کوئی؟
میں دل کھولوں؟
سینہ پھاڑ کے رستہ دوں ان ہیجانی چیخوں کی
زخمی ڈاروں کو
بے بس روحیں ، خاموشی کا صبر
تسلط بے چینی کا، جھوٹ فریب، مظالم
لاشیں، خون ہی خون، مصیبت، موت۔۔
آؤ ان زخمی چیخوں کی ڈار سے مل کے
دور دور تک ڈھونڈ کے آتے ہیں مصروف خدا
آؤ جھوٹ کے پتھر سینوں پر سر رکھ لیں
کبھی کبھی ان تندو تیز ہواؤں سے کٹے پھٹے اوراق بچانے پڑتے ہیں
آؤ دانتوں میں لگوا لیں چھوٹے چھوٹے کیل
آؤ اک دوجے سے اس کے گر ہتھیائیں
آؤ سوچیں، بیساکھی، اعصا، اور سیڑھی
جیسے چھینی جاتی ہے
سچ کی چیخ سنے گا کوئی؟ کیا کوئی ہے، کیا سچ کی چیخ سنے گا کوئی
یا میں اس کو اپنے اندر ہی گھٹ گھٹ کر مرنے دوں
فرحت عباس شاہ
**********************
رات برباد نہ کر
رات برباد نہ کر
نیند سے آنکھیں نہ لڑا
خواب پھر خواب ہے توٹے گا تو مر جائے گا
خواب آباد نہ کر
رتجگا رقص ہے آنکھوں میں سلگتی ہوئی بینائی کا
رتجگا شور ہے، ہنگامہ ہے تنہائی کا
رتجگا عہد ہے سودائی کا
رتجگا ہوگا، تو بھٹکا ہوا گھر جائے گا
اور اگر سو گئے دو پل
تو بھلا وقت کہاں رکتا ہے
وقت کو اتنا بھی تو آزاد نہ کر
موت مقید کر لے
موت ہر طور مقید کر لے
موت صیاد نہ کر
کوئی فریاد نہ کر
رات برباد نہ کر
رات برباد نہ کر نیند سے آنکھیں نہ لڑا
فرحت عباس شاہ
**********************
جہاں ہم ہیں
جہاں ہم ہیں
یہاں تو اعتراف درد بھی اک مسئلہ ٹھہرا
محبت کی سزا واری پشیمانی بنی
جورو ستم کی ہمقدم ہو کے
دل پامال کے اجڑے ہوئے رستوں پہ ایسے دندناتی ہے
کہ جیسے رات کے پچھلے پہر
تنہائی خاموشی سے مل کے روح کے گم سم دریچے دھڑ دھڑاتی ہے
جہاں ہم ہیں
غم دنیا غم وابستگی کی آڑ میں
اکثر تمناؤں کے بازو تھام کے دھچکے لگاتا ہے
غمِ دنیا، پرایا پن نہیں تو اپنا پن بھی ہو نہیں سکتا
جہاں ہم ہیں
کف افسوس ملنے کی بھی قیمت دینا پڑتی ہے
تاسف بک نہیں سکتا مگر شاید تاسف کی خریداری تو لازم ہے
دل ملزوم تو بیچارگی کی نوک پر اٹکا
کسی دیوار سے لٹکا نمونہ ہے
کوئی دیکھے نہ دیکھے ذات کے شوکیس میں گم سم سجا احساس سے
آنکھیں چرائے منتظر رہتا ہے
نا محسوس لمحوں کا
یہ اک غم ہے مگر یارو یہاں ایسے ہی کتنے اور بھی غم ہیں
جہاں ہم ہیں
فرحت عباس شاہ
**********************
بٹے ہوئے لوگوں کا کیا ہے
بٹے ہوئے لوگوں کا کیا ہے
آدھے کہیں اور آدھے کہیں پر
آدھے دکھ اور آدھی خوشیاں
ہنستے ہنستے چبھ جاتے ہیں آنسو سینے میں
روتے روتے، ہچکی سی بندھ جاتی ہے تو
ایک مکمل رونا آدھا رہ جاتا ہے
خواب میں دیکھا
اس کا اجلا چاند اترا ہے عین ہتھیلی پر
آنکھ کھلی تو
جیون اور محبت کی آدھی ریکھائیں
جلی ہوئی تھیں
بٹے ہوئے لوگوں کا کیا ہے
آدھی روح لیے پھرتے ہیں
آدھی کہیں چھوڑ آتے ہیں
ایک گلی ہے
جس میں اک چھوٹا سا گھر ہے
گھر میں کتنے کمرے ہیں سب آدھے ہیں
کمرے میں اک آدھا بستر
نیند کو آدھا آدھا ڈستا رہتا ہے
آدھے سوتے آدھے جاگتے رہنے سے تو بہتر ہے
یہ رات ہمارا اپنا آپ ہی لے جائے
لیکن پورا
آدھی رات ہمیں لے جائے
لیکن پورا
آدھی رات ہمیں لے جائے
پورے کا پورا لے جائے اور کبھی واپس نہ آئے
اور ہم اپنا آدھا کمرہ آدھا بستر
اس کے آدھے کمرے اور آدھے بستر کے نام وراثت کر جائیں
بٹے ہوئے لوگوں کا کیا ہے
آدھا حاصل آدھی بخشش
آدھا کھونا آدھا پانا
آدھے ٹوٹے پھوٹے درد کی آدھی پھال بدن کے اندر آدھی باہر
آدھی دل میں
آدھی دل کے پار کہیں پر
جیون کے اس پار
فرحت عباس شاہ
**********************
مشکل وقت
رات کی کونسی ویرانی سے محفوظ رکھوں
تری یادوں کے ستارے
تری تصویر کا چاند
آخری دکھ سے پرے جو بھی ہے معلوم نہیں
پر ابھی آخری اس دکھ سے ادھر شہر پڑا ہے دکھ کا
شام ہوتی ہے تو دیوار پہ ڈھل آتا ہے
ترا ویران سا لہجہ تری غمناک ہنسی
رات کا پہلا پہر
تری دلدوز خموشی سے سجا رہتا ہے
دوسرا اشکوں سے بھر جاتا ہے
کون روتا ہے نجانے اتنا
زندگی بہتی ہوئی دور نکل جاتی ہے
تیسرا پہر کسی ترسی ہوئی نیند کا گھاؤ لے کر
کھیلتا رہتا ہے آنکھوں کے نہاں خانوں میں
کہیں چبھتا ہے کہیں ٹوٹتا ہے
جو بچا دیکھتا ہے لوٹتا ہے
آخری پہر کہ جیسے کسی بیماری کا مکلاوا ہو
سانس بھی لینے
نہیں پاتے کہ لوٹ آتی ہے دلہن کی طرح
رات کی کونسی ویرانی کو محفوظ رکھوں
تیری یادوں کے ستارے
تیری تصویر کا چاند
فرحت عباس شاہ
**********************
رات آنکھوں کی طرح بھیگ چلی
رات آنکھوں کی طرح بھیگ چلی
دل کے ساحل پہ سر شام ترا غم رویا
لے گئی بھر کے ہوا دامن کو
بادلوں کا بھی کوئی اپنا سفر ہوتا ہے
جانے کس دشت پہ سستائیں
کہاں جا برسیں
رات آنکھوں کی طرح بھیگ چلی
تیرا دھندلایا ہوا عکس اتر آیا ہے
رات کی اجڑی ہوئی مانگ پہ خاموش پرندے کی طرح
اے مری یاد کے آباد نگر
کیسی بارش میں نہا آئے ہو
آنکھ جھپکوں کہ ترے جسم کی نمناک ردائیں سوکھیں
خشک ہو جائے ترا بھیگا ہوا پیراہن
آنسوؤں کی بھی کوئی اپنی ادا ہوتی ہے
دل کے ساحل پہ سر شام ترا غم رویا
رات آنکھوں کی طرح بھیگ چلی
آنکھ برسے کہ یہ دریا کا سفر تھم جائے
فرحت عباس شاہ
**********************
شب غمزدہ
شب غمزدہ
ذرا مسکرا کہ دیا جلے
یہ جو تیرگی ہے رکی ہوئی کئی دن سے یاد کے طاق میں
یہ چھٹے تو کوئی دکھائی دے
یہ جو سنگ و خشت پڑے ہوئے ہیں سماعتوں پہ سکوت کے
یہ ہٹیں تو کوئی سنائی دے
یہ جو دھول پھیلی ہے شہر میں یہ گھٹے تو کوئی سجھائی دے
شب غمزدہ
ذرا گنگنا کہ تھکن ڈھلے
یہ جو تھک تھکا کے پڑے ہوئے ہیں وفور شوق کے سلسلے
انہیں تازگی کی نوید دے
یہ جو کاروبار ہیں درد کے انہیں آپ آ کے خرید دے
شب غمزدہ
ذرا تھپتھپا
کہ کوئی تو گوشہء صبرِ دامنِ دل سلے
یہ جو دل ہے سینہء ہجر میں
ترا غم نصیب ہے عمر سے
یہ جو چشم نم سر انتظار کھڑی ہے راہ فراق کے کسی موڑ پر
تری ہم نفس ہے ستم زدہ
یہ جو لب ہیں چپ کی صلیب پر
ترے ہم قفس ہیں دیار جبر کے بے سراغ نواح ہیں
یہ جو دھڑکنیں ہیں عجیب سی
تری ہمرکاب میں برق زار ملال ہیں
یہ جو وہم سے ہیں خیال میں
ترے ساتھ ساتھ ہیں سب عروج و زوال میں
یہ جو خواب ہیں پس احتمال سراب کوچہ خام میں
کسی شام
کوئی بھی نام دے کے سمیٹ لے انہیں گود میں
یہ مہ و نجوم
جو آسماں سے اتر کے پلکوں پہ آ رکے ہیں
اداس دشت نورد کی
یہ نہ ہو کہ مانگ اجاڑ دیں ترے درد کی
یہاں گرد رہتی ہے ہر جگہ
ذرا ٹھہر جا
شب غمزدہ
ذرا ٹھہر جا ک کوئی تو راہ میں آ ملے
شب غمزدہ
تجھے کیا خبر
جو ترس گیا ہو کسی کے شانہ عافیت کی پناہ کو
بھلا کب تلک کسی گور میں
وہ چھپا کے رکھے گا آہ کو
جو بہت ہی ٹوٹ گیا ہو اس کو گلے لگا
شب غمزدہ
اسے مسکرا کے گلے لگا کہ ہوا چلے
کوئی کھول در کوئی دن دکھا کہ تھکن ڈھلے۔۔۔ کوئی سکھ سنا کہ دیا جلے
شب غمزدہ
مری غمزدہ
فرحت عباس شاہ
**********************
محبت کی ادھوری نظم
محبت سے بھلا کوئی کہاں تک بھاگ سکتا ہے
کبھی پلو چھڑا کر بھاگ لو تو سامنے سے آن لیتی ہے اچانک
اور کبھی چھپ کر کہیں بیٹھو تو پل میں ڈھونڈ لیتی ہے
محبت سے اگر آنکھیں چراؤ تو دلوں میں جاگتی ہے
اور رگوں میں بول پڑتی ہے
محبت سے اگر دامن بچاؤ تو
یہ ظالم روح تک بھی کھینچ لیتی ہے
محبت کو اگر زیادہ رلاؤ تو
یہ ہنستی ہے
یہ دیوانی جو ہنستی ہے تو موسم رونے لگتے ہیں
محبت کو اگر زیادہ ہنساؤ تو
یہ پاگل رونے لگتی ہے
یہ روتی ہے تو قسمت زندگی پر ہنسنے لگتی ہے
محبت موت سے پہلے ہمیشہ مارتی ہے
مار کر پھر زندہ کرتی ہے
مگر ایسے کہ پھر مرنے نہیں دیتی
محبت جاگتی ہے جب تلک دل کا زمانہ جاگ سکتا ہے
محبت سے بھلا کوئی کہاں تک بھاگ سکتا ہے
فرحت عباس شاہ
**********************
شکوہ مسافر ہے
اسے مجھ سے یہ شکوہ تھا
سفر کیوں مختصر ہے
راستے کیونکر سمٹ جاتے ہیں لمحوں میں
تمہارے ساتھ چلنے میں یہ اک نقصان سا کیا ہے
کہ جب نکلو پلک جھپکے میں صدیاں بیت جاتی ہیں
غروب مہر تو جیسے صبح صادق کے کاندھے سے
لگا بیٹھا ہے ظالم سا
نگوڑی شام ڈھلنے کے لیے تیار بیٹھی ہے
کہ ہم نے اک ذرا باہر نکلنے کا
ارادہ ایک دوجے کو بتایا اور یہ موئی شام یوں لپکی
کہ جیسے منتظر تھی بس ہماری ہی
اسے مجھ سے یہ شکوہ تھا
سفر کیوں مختصر ہے
راستے کیونکر سمٹ جاتے ہیں لمحوں میں
میں اس کے بعد اب
لمحوں کی جن بھاری چٹانوں کے تلے ٹھہرا
خود اپنی چاپ کی زنجیر میں جکڑا
طویل اور ان گنت رستوں کے چنگل میںگھسٹتا
ہجر کے جس رائیگاں ٹھہراؤ سے الجھا ہوا
دو چار قدموں میں بھٹکتا پھر رہا ہوں
کس طرح اس کو بتاؤں
اور کہاں سے ڈھونڈ لاؤں
اور اسے کیسے کہوں
شکوہ مسافر ہے
فرحت عباس شاہ
**********************
احوال
رات بے چین خیالات کے قبضے میں رہی
دل عجب درد میں محصور رہا
آنکھ میں نیند کی لوری کی جگہ صحرا تھا
آنکھ اشکوں کی ترس جائے تو بڑھ جاتی ہے
ہم ترے دھوپ میں لپٹے ہوئے دکھ میں بہتے
رات بھر کروٹیں لیتے رہے
زخموں کے ہرے بستر پر
اور پھر یہ تو فقط
ایک ہی رات کا احوال ہے ہم بکھرے ہوئے لوگوں کی
ورنہ یہ کرب تو اک دائرہ در دائرہ مدت سے ہمیں لاحق ہے
فرحت عباس شاہ
**********************
ملو ہم سے
ملو ہم سے
کہ ہم بچھڑے ہوئے ہیں
ہمارے خواب آنکھوں سے جدا
تعبیر جیون سے
ہمارے آنسوؤں میں آرزوؤں کی کسک ویسی نہیں اب کے
دلو ں میں درد بھی پہلو بدل کر اور بن بیٹھا
ہماری شام اب روئے تو پلکوں سے جدائی کی جگہ مایوسیوں کا غم ٹپکتا ہے
ہمارا دل دلِ ویران ہو کر بھی کسی کے درد کی خواہش نہیں کرتا
ملو ہم سے
ہمارا حال بھی دیکھو
محبت کے مراحل جس طرح سے سر کیے ہم نے
لہو کو بھی پسینہ آ گیا اکثر
ہمارے چیتھڑے پاگل ہوا جیسے اڑا لاتی تھی بستی سے
شب حیران سے پوچھو
شب ویران حیرت سے ہمیں تکتی تو کہتی
مجتمع ہو کر یہاں سے لوٹ آخر کیوں نہیں جاتے
ملو ہم سے
ہمیں تنہائی کہتی ہے
مجھے بھی ساتھ ہی رکھو
ہمیں تنہائی یہ کہتی ہے اور دامن پکڑ کر ساتھ چل پڑتی ہے بستی میں
وہ جس شب
تم نے آنے کا کہا لیکن نہیں آئے
اسی پل سے ستارے رات سے بچھڑے ہوئے ہیں
اور کئی جنگل بھری برسات سے بچھڑے ہوئے ہیں
اب کہاں ہو تم
ملو ہم سے ،ملو ہم سے
ہم اپنی ذات سے بچھڑے ہوئے ہیں
ہاں ملو ہم سے
ہمیں زخمی تمناؤں کے افسردہ غلافوں اور ردائے کرب میں پالا گیا ہے
اور ہماری پرورش جس ہجر کے ہاتھوں ہوئی ہے
عمر سے بے سائبانی کے کٹہرے میں کھڑا
اپنی صفائی دے رہا ہے
جو عدالت مر چکی ہو
اس عدالت میں کسی کی کون سنتا ہے
یا آخر کون سن سکتا ہے ایسے میں
جہاں خود مدعی ملزم ہو
اور الزام کا مطلب جہاں بس جرم ہو
تو فیصلے میں دیر کا ہے کی
ملو ہم سے
ہمارے فیصلے بھی ہو چکے ہیں بن گواہوں کے
فقط تقدیر کی مانی گئی ہے
ہم مقدر کے ستارے سے گرے
امید کی اجڑی ہوئی شاخوں پہ لٹکے ہاتھ اور پاؤں ہلاتے جا رہے ہیں
ہم یہی کچھ ہیں
ہمارے نام جن ٹیلوں پہ کوئی دھوپ لکھ کر رکھ گئی تھی جل چکے ہیں اور
ہمارا رزق جن رستوں پہ کوئی بھوک پھیلا کر
ہماری کاوشوں پر ہنس گئی تھی
ہم وہی کچھ ہیں
ہمیں اب آخری لمحے کسی دہلیز پر آنکھیں بچھانے دو
انا نے کب نہیں توڑا ہمیں
اب آخری لمحے کسی دہلیز پر آنکھیں بچھانے دو
ہمیں ملنے ملانے دو
ملو ہم سے
ہمارے درد سے کھیلو
ہمیں لاچار رہنے دو
مری جاں تم ستارے توڑ لانے کی جہاں بھی بات کرتے ہو
ہمارے ہاتھ روتے ہیں
ہمارا دل بھی روتا ہے
تمھارے بھولپن کی مشکلیں یا مشکلوں کا بھولپن
اکثر ہمیں بیمار رکھتا ہے
ملو ہم سے
ہماری خاک راہوں میں اڑاؤ
اور ہماری گرد سے کھیلو
زباں پر نا سمجھ باتوں کے الزامات کی بوجھاڑ کر دو
اور سکوت زرد سے کھیلو
گلے لگ کر ہماری خواہشوں کی برف کے اثرات جھیلو
اور سانسوں کی ہوائے سرد سے کھیلو
سمندر پار کرنے کا مصمّم خواب دیکھیں
اور پھر اس کی عجب تعبیر سے نظریں چرائیں
کیسا لگتا ہے ؟
ہم اپنے ساحلوں پر ادھ کھلے جن بادبانوں سے بندھے ہیں بادباں
کب ہیں
ملو ہم سے
صلیبوں نے بھلا کب کشتیاں اس پار لگنے دیں
ہماری رات ہم سے بات کرتی ہے تو برساتیں برستی ہیں
ہماری شام تیرا نام لیتی ہے تو کتنے کام آ پڑتے ہیں سر پر
اور ہماری دوپہر جتنا سفر کر لے کہیں چھاؤں نہیں ملتی
ہم ایسے ہی ہیں اپنی سائبانی کے
ملو ہم سے
ہم ایسے ہی ہیں اپنی رائیگانی کے، اور اپنی زندگانی کے
ملو ہم سے
ہمارا ہاتھ دیکھو
اور بتاؤ بھی
لکیریں اس طرح سے کب تلک الجھی رہیں گی خوش نصیبی سے۔۔
بتاؤ!
کب تلک اک دوسرے کو کاٹتی مٹتی رہیں گی بد نصیبی کی سیاہی سے
ہمارا اس قدر ویران ہو جانا کبھی تبدیل بھی ہو گا
ہمارا اس قدر سنسان ہو جانا، اجڑ جانا کبھی آباد بھی ہو گا
ہماری خوش نمائی کی حقیقت بھی ہمیں معلوم ہے
کیا سب، یہ سب کی سب اداکاری ہمیشہ جاری و ساری رہے گی زندگانی بھر
ہماری آنکھ ہنستی ہی رہے گی
اور دل روتا رہے گا کیا
یونہی ہم بولتے ہی جائیں گے بے بات باتوں پر
مگر اندر کو ئی چپ سادھ کے یونہی ہمیں تکتا رہے گا درد میں ڈوبی
نگاہوں سے
ملو ہم سے
کبھی ہم کو کسی فٹ پاتھ پر چلتا ہوا دیکھو
ہمارے مضطرب بازو خلا میں ایک دوجے کی مخالفت سمت میں اٹھتے، پلٹتے اور ٹکراتے ہیں آپس میں
کہ جیسے ہم خود اپنے آپ میں جکڑے چھڑانے کی
کسی کمزور سی اک کشمکش میں ہوں
ہمیں دیوار سے لگ کر کہیں بیٹھا ہوا دیکھو
اداسی گود میں بھر کر کسی غمناک افسردہ دلی سے سوچ میں ڈوبے
زمانے سے کٹے، اجڑا گھروندا لگ رہے ہوتے ہیں جب بھی ہم
پرندے ہم پہ روتے ہیں
ہوائیں سوگواری سے ہمیں سہلا رہی ہوتی ہیں
ہمدردی کے جذبے سے
ہمیں سویا ہوا دیکھو
کبھی دیوار پر چھت پر کبھی کرسی کے پائیوں پر
کتابو ں سے اٹے ٹیبل
قلم کی کیپ یا گلدان کے سوکھے ہوئے پھولوں پہ نظریں گاڑ کے
جانے کہاں کھوئے ہوئے بکھرے ہوئے رہتے ہیں دیوانے
ملو ہم سے
ہمیں ڈھونڈو
ہمیں ڈھونڈو کہ اکثر ہم خود اپنے جسم میں ہوتے ہوئے بھی دور اتنی دور
ہوتے ہیں کہ ہم کو لوٹ آنے میں بھی خاصا وقت لگتا ہے
ہم اپنی ذات میں کافی میسر ہو کے بھی کافی نہیں ہوتے
ہم اپنے ذکر میں ملتے ہیں پھر بھی بات پوری ہو نہیں پاتی
ہمیں ڈھونڈو
ہم اپنی شاعری میں ذرہ ذرہ، قطرہ قطرہ بٹ چکے ہیں
اور کسی کل کو ترستے ہیں
ہمارا مرکزہ جانے کہا ں تقسیم کر بیٹھی ہے محرومی
ہمارا دائرہ تنہائیوں نے توڑ ڈالا ہے
ہمیں بے سمتوں نے اس طرح سے موڑ ڈالا ہے کہ اب کو ئی
تعین ہی نہیں باقی
ہمارا نقش پا تک خاک نے ایسے الٹ مارا ہے جیسے
بدنصیبی محنتوں کے ساتھ کوئی ہاتھ کرتی ہے
ہمیں ڈھونڈو
ہمیں چہرہ بدلنے میں مہارت ہے
ہم اپنے درد کو، احساس کو، جذبے کی کوملتا کو
اپنی نرم خوئی کو
ہم اپنے سوز کو آنکھوں سے ظاہر کیوں کریں
اپنی کراہوں کو زباں پر کس لیے لائیں
ہم اپنے آنسوؤں کو اپنے رخساروں پر آخر کیوں برسنے دیں
زمانہ تو زمانہ ہے
ہم اپنا آپ آخر کیوں کریں اس کے حوالے
اور کیونکر سونپ دیں اس کو دل و جاں راکھ کر دینے کو
سب کچھ خاک کر دینے کو
آخر کیوں کریں اس کے حوالے روح بھی اپنی
۔۔ملو ہم سے
ہمارے شہر میں آؤ
بہت آرام ہے، خوشیوں کی خواہش، خون روتی ہے
بہت ہی امن ہے قاتل سکوں میں ہیں، انھیں پورا تحفظ ہے
ملو ہم سے
ہمارے شہر کی گلیاں، ہمارے درد سے بوجھل وریدوں کی طرح ہر سو بہت
ویران پھیلی ہیں
ہمارے چوک آئے دن کسی کی لاش پر ماتم کے مرکز ہیں
ہمارے شہر کے بازار اک دوجے کی جیبیں کاٹنے کی
تربیت گاہیں بنے مقصد میں پورے ہیں
ہمارے گھر ہمیں حیران ویرانی سے تکتے ہیں تو لگتا ہے
ہمارے اور ان کے درمیاں کچھ وحشیانہ سی عجب اک اجنبیت ہے
ہمارے شہر کے گلشن محبت کرنے والوں کی بجائے اور لوگوں سے بھرے
رہتے ہیں اکثر ہی
وہاں مل بیٹھ کر ایک دوسرے سے پیار کی باتیں نہیں ممکن
بہت ہی خوف آتا ہے
وہاں پیڑوں پہ کوئل کی جگہ کوے ہیں
کوکو کی جگہ پر کائیں کائیں کی
صدائیں رہ گئی ہیں دل جلانے کو
ہمارے شہر کی اک اک سڑک پر موت چلتی ہے
کئی گلیاں تو قدموں کو گوارا ہی نہیں کرتیں
دکانوں پر سبھی اشیاء ہماری آرزوؤں پر لپکتی ہیں، جھپٹتی ہیں
تعلق میں بھرے بازار بے رازی سے آگے بڑھ نہیں سکتے
ہجوم بے کراں بے تاب بھاگا پھر رہا ہے
راستوں کی بد شگونی پر
وسائل کے مسائل میں گھرے ہم اپنے سینے میں کسی بھی درد کے سائل
سے منکر ہیں۔۔۔
ملو ہم سے
مگر کچھ دور سے، تا کہ ہماری روشنی روشن رہے
ورنہ اندھیرا ہی اندھیرا ہے
ہمارے شہر میں آؤ
تمھیں تاریکیاں سہنے کی عادت ڈال دیں گے ہم
ملو ہم سے
ہمیں اعزاز حاصل ہے
ہم اپنے زخم شانوں پر سجائے
شان سے پھرتے ہیں بستی میں
ہمارے زخم زندہ ہیں
کسی کے عیب کی جھوٹی گواہی پر نہیں مائل
کسی کے جھوٹ کی بابرکتی کے بھی نہیں قائل
محبت نے ہمیں وقتاً فو قتاً جس طرح چرکے لگائے
اور وفا نے خون رو رو کر جو سب سے وعدے نبھائے
زخم بن بن کر
ہماری سرخروئی کے صلے میں پرورش پاتے رہے ہیں
اب ہم اپنی بے قراری پر بہت خوش ہیں
کسک سچی ہو اور دل میں کہیں کوئی سیہ کاری نہ بیٹھی ہو
تو لا چاری نہیں آتی
ہمارے زخم طاقت ہیں
ہمیں تاریک رستوں پر دیے بن بن کے آگے ہی بڑھاتے ہیں
ہمیں اعزاز حاصل ہے
ہمارے زخم سچے ہیں
خود اپنے آپ کو بھی مندمل ہونے نہیں دیتے
فرحت عباس شاہ
**********************
اختتام